کراچی (سپیشل رپورٹر) محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے روایتی کاغذی کارروائی کا خاتمہ کرتے ہوئے پرائمری اساتذہ کی سینیارٹی لسٹ مکمل طور پر آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ترقیوں کے عمل کو شفاف، تیز اور آسان بنانا ہے۔
فیصلے کے تحت گریڈ 14 کے تمام پرائمری اساتذہ کی سینیارٹی لسٹ محکمہ کی سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جائے گی۔ اس سلسلے میں محکمہ ایجوکیشن نے سندھ کے تمام ڈویژنز کو 15 روز کے اندر سینیارٹی لسٹ ویب سائٹ پر منتقل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ کراچی اور حیدرآباد سمیت صوبے کے تمام 6 ڈویژنز کو اس حوالے سے باضابطہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق سینیارٹی لسٹ آن لائن ہونے اور اس کی حتمی تکمیل کے بعد پرائمری اساتذہ کو گریڈ 16 میں بطور ہائی اسکول ٹیچر (HST) ترقی دینے کا عمل باقاعدہ شروع کیا جائے گا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے مزید واضح کیا ہے کہ ترقیوں سے متعلق اساتذہ کے تمام اعتراضات و تحفظات بھی آن لائن پورٹل پر وصول کیے جائیں گے اور ان کے ازالے کا طریقہ کار بھی مکمل طور پر آن لائن اور شفاف انداز میں انجام دیا جائے گا

