لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) حکومت پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں تعلیمی فرائض سرانجام دینے والے سکول ٹیچنگ انٹرنز کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے لیے 2 ارب 85 کروڑ روپے کی بھاری رقم جاری کر دی ہے۔
محکمہ خزانہ پنجاب نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے تحت یہ فنڈز جاری کیے ہیں، جبکہ ایس ٹی آئیز کی ادائیگیوں کے لیے بجٹ میں پہلے ہی 2 ارب 85 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے 23 اکتوبر 2026 کو فنڈز کے اجرا کا رسمی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس کے تحت تمام رقم ضلعی سطح پر بھی منتقل کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کو ہدایت کی گئی ہے کہ جاری کردہ فنڈز کا استعمال مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ہی ایس ٹی آئیز کی تنخواہوں کی شفاف اور بروقت منتقلی کے لیے خصوصی ضوابط بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔