نیشنل ایکشن پلان کے تحت محکمہ سکول ایجوکیشن کا نجی و سرکاری سکولوں کے لیے نیا مراسلہ جاری
لاہور (سپیشل رپورٹر) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں کے لیے نیا مراسلہ جاری کرتے ہوئے تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کو نئی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
مراسلے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں صبح کی دعا باقاعدگی سے کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ طلبہ میں حب الوطنی کے فروغ کے لیے بزمِ ادب سمیت مختلف غیر نصابی سرگرمیوں کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ نے طلبہ میں قومی یکجہتی، قومی شعور اور شہری ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی تقریبات اور آگاہی سرگرمیوں کے انعقاد کی بھی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں تمام سکولوں میں “مرکۂ حق” کے موضوع پر آگاہی لیکچرز منعقد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اقدامات نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے تحت کیے جا رہے ہیں، اور تمام تعلیمی اداروں کو جاری کردہ احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ مراسلے پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا اور متعلقہ حکام اس کی نگرانی بھی کریں گے۔

