کراچی یونیورسٹی میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی
کراچی (نیوز رپورٹر) جامعہ کراچی میں منگل کے روز پاکستان کی مسلح افواج اور ان کے حالیہ آپریشن ’غضبُ للحق‘ سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کی۔
ریلی کا آغاز جامعہ کے نئے انتظامی بلاک سے ہوا، جو جوش و خروش کے ساتھ آزادی چوک تک گئی اور بعد ازاں واپس نئے انتظامی بلاک پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی، مختلف کلیہ جات کے ڈینز، شعبہ جات کے صدور، اساتذہ، طلبہ اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے قومی یکجہتی کا ثبوت دیا۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ فضا “پاک فوج زندہ باد” اور “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مسلح افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور آپریشن ’غضبُ للحق‘ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

