اسلام آباد کے اسکولوں میں ‘کھیلے گا اسلام آباد’ پروگرام شروع کرنے کا اعلان، اسپورٹس ایئر منانے کا فیصلہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری و نجی اسکولوں اور مدارس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) محی الدین وانی کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں “کھیلے گا اسلام آباد” پروگرام شروع کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔
اس پروگرام کے تحت طلبہ کو کھیلوں کی معیاری اور مفت کوچنگ فراہم کی جائے گی تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اپریل کے پہلے ہفتے کو “اسکول اسپورٹس ایئر” کے طور پر منایا جائے گا اور نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی اسپورٹس کیلنڈر کا باقاعدہ نفاذ ہوگا۔ وفاقی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ میدان میں بھی بچوں کی تربیت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے

