spot_img

ذات صلة

جمع

وزیراعلیٰ پنجاب کا تاریخی اقدام، معذور طلبہ کے لیے مفت تعلیم اور فیسوں میں مکمل چھوٹ کی منظوری

لاہور (ایجو کیشن رپورٹر) حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں خصوصی (معذور) طلبہ و طالبات کے لیے مفت تعلیم فراہم کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے معذوری یا مالی مشکلات سے دوچار طلبہ کے لیے تمام سرکاری کالجوں میں فیسوں کی مکمل معافی کا حکم جاری کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی ان ہدایات کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن (ڈی پی آئی) کالجز پنجاب نے صوبے کے تمام سرکاری کالجوں کے سربراہان کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ خصوصی طلبہ سے داخلہ فیس، ٹیوشن فیس اور دیگر متعلقہ چارجز کی مد میں کوئی رقم وصول نہ کی جائے۔

علاوہ ازیں، حکومتی پالیسی کے مطابق معذور طلبہ کو سکالرشپس اور تعلیمی وظائف کی فراہمی میں بھی عام طلبہ کے برابر مکمل حصہ دیا جائے گا۔ ڈی پی آئی کالجز نے تمام کالج پرنسپلز کو ان احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور تنبیہ کی ہے کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے انتظامی افسران اور کالج سربراہان کے خلاف سخت انتظامی و ڈسپلنری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔