لاہور (سپیشل رپورٹر) معروف شاعر، ادیب اور نامور ماہرِ تعلیم اصغر اسد جعفری طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 91 برس تھی۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین لاہور میں ادا کی جائے گی۔
اصغر اسد جعفری 1935 میں دریا خان میں پیدا ہوئے اور اپنی علمی، ادبی و تعلیمی خدمات کے باعث ملک بھر میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ انہوں نے شعبہ تعلیم میں طویل خدمات سرانجام دیں، وہ 1961 میں میونسپل کمیٹی ہائی سکول بھکر کے ہیڈ ماسٹر مقرر ہوئے اور 1985 تک خدمات سرانجام دیں، جس کے بعد وہ ڈی ای او بھکر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
وہ ایک ممتاز شاعر اور طنز نگار بھی تھے جنہوں نے لالی ووڈ کی فلموں کے لیے گیت بھی تحریر کیے۔ ان کی سنجیدہ اور مزاحیہ شاعری پر مشتمل متعدد کتابیں شائع ہو چکی ہیں، جبکہ ان کی مزاحیہ نظم “مغل کی کار” ان کے منفرد شعری اسلوب کی عکاس ہے۔ معروف گلوکارہ و شاعرہ قندیل جعفری، نعمانہ جعفری اور سفارتکار شکیل جعفری ان کی اولاد میں شامل ہیں۔ ان کے انتقال پر ادبی، تعلیمی اور سماجی حلقوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے علمی و ادبی دنیا کا بڑا نقصان قرار دیا ہے۔


