لاہور (ایجو کیشن رپورٹر) حکومتِ پنجاب نے تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کے لیے سابق فوجی اہلکاروں کی بھرتی کی منظوری دیتے ہوئے پروسیس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب کے 22 اضلاع میں فوجی ملازمین بطور مانیٹرنگ اینڈ ایووایلیویشن آفیسرز (MEAs) ایک سالہ کنٹریکٹ پر بھرتی کیے جائیں گے، جنہیں 60 ہزار روپے تنخواہ، سرکاری موٹر سائیکل اور محکمہ تعلیم کے رولز کے مطابق دیگر سہولیات دی جائیں گی۔
یہ بھرتیاں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت ہوں گی، جن کے لیے جے سی اوز، این سی اوز سے 7 ستمبر تک درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ امیدواروں کے لیے عمر کی حد 30 سے 55 سال، تعلیم گریجویشن، پنجاب کا ڈومیسائل، آئی ٹی میں تجربہ اور صحت مند ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 28 اضلاع کے لیے 21 فوجی اور 7 سویلین آفیسرز بھرتی ہوں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں دیگر اضلاع میں بھرتیاں کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کے اسکولوں میں ڈیلی ویجز پر عارضی بنیاد پر کام کرنے والے 1.5 لاکھ اسکول ٹیچنگ انٹرنز کے ختم ہونے والے کنٹریکٹ میں 9 ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے سمری وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو منظوری کے لیے بھجوا دی گئی ہے، جس کے تحت جاری تعلیمی سیشن مارچ 2027ء تک ہو گا۔ سمری کی منظوری کے ساتھ ہی باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

