کراچی (سپیشل رپورٹر) بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری، کراچی نے جعلی ڈگری اور تقرری کے لیے غلط معلومات فراہم کرنے کے معاملے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے اسسٹنٹ غلام شبیر سوہو کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔
جامعہ کے رجسٹرار کیپٹن ڈاکٹر رضا حیدر کی جانب سے جاری کردہ رسمی نوٹیفکیشن کے مطابق، مذکورہ ملازم کی جعل سازی کا معاملہ میڈیا پر رپورٹ ہونے کے بعد محکمۂ جامعات و بورڈز سندھ اور متعلقہ حکام نے اس کی اعلیٰ سطحی جانچ پڑتال کی۔
آفس آرڈر کے مطابق غلام شبیر سوہو نے 2013ء میں کلرک کم ٹائپسٹ (BPS-13) کی نشست پر تعیناتی کے لیے جامعہ کراچی (یونیورسٹی آف کراچی) کی گریجویشن ڈگری جمع کرائی تھی۔ بعد ازاں جب اسناد کی تصدیق کا عمل مکمل کیا گیا تو جامعہ کراچی نے مذکورہ ڈگری کو جعلی (FORGED) قرار دیا۔ اسناد میں ردوبدل اور غیر قانونی طریقے سے ملازمت حاصل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر یونیورسٹی انتظامیہ نے ملازم کو برطرف کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

