لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے نوجوانوں اور طلبہ کے لیے ’ای بائیک سکیم‘ کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے سوا لاکھ سے زائد الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے طلبہ سے ڈاؤن پیمنٹ وصول کرنے سے سختی سے روک دیا ہے اور ماہانہ قسط کے علاوہ تمام اضافی واجبات، انشورنس اور سود (انٹرسٹ) کی رقم پنجاب حکومت کی جانب سے خود ادا کرنے کی منظوری دی ہے۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے سکیم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ طلبہ کے لیے آسان ماہانہ قسط تقریباً 3 ہزار روپے مقرر کی جائے، جبکہ اہل امیدواروں کو 6 ہفتوں کے اندر بائیک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے اسی ہفتے ای بائیک پورٹل کھولنے کا بھی حکم دیا ہے۔
سکیم کی اہم خصوصیات اور سہولیات
-
دائرہ کار میں وسعت: طلبہ کے ساتھ ساتھ اب گورنمنٹ ملازمین، مختلف ڈیپارٹمنٹس اور ڈیلیوری بوائز بھی اس سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
-
مفت حفاظتی سامان: ہر ای بائیک کے ساتھ طلبہ کو ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔
-
جدید بیٹری: تمام بائیکس میں جدید اور معیاری لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری نصب ہوگی۔
-
مفت ڈرائیونگ ٹریننگ: خواہش مند طلبہ کی رہنمائی اور حفاظت کے لیے 2 روزہ ڈرائیونگ ٹریننگ بھی مفت کرائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اس سکیم کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو روزمرہ نقل و حمل میں آسان اور ماحول دوست سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ ان پر مالی بوجھ کم سے کم پڑے۔

