اسلام آباد(ایجو کیشن رپورٹر) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے افغان میڈیکل و ڈینٹل طلبہ سے متعلق اہم فیصلے کرتے ہوئے ملک میں پہلے سے زیرِ تعلیم افغان طلبہ کو فوری طور پر افغانستان واپس جانے کی ہدایت کر دی ہے۔ اس سلسلے میں پی ایم ڈی سی نے تمام تمام میڈیکل و ڈینٹل کالجز کو باقاعدہ خط جاری کر دیا ہے۔
کونسل کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے اہم نکات درج ذیل ہیں
-
وطن واپسی اور NOC: تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زیرِ تعلیم افغان طلبہ کی واپسی کے لیے انتظامی کارروائی مکمل کریں اور انہیں مطلوبہ این او سی (NOC) جاری کریں۔
-
نئے داخلوں پر پابندی: موجودہ تعلیمی سیشن میں افغان شہریوں کے میڈیکل اور ڈینٹل پروگرامز میں نئے داخلوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
-
ٹرانسفر و مائیگریشن: افغان شہریوں کو میڈیکل و ڈینٹل اداروں میں پلیسمنٹ، ٹرانسفر یا مائیگریشن کی اجازت نہیں ہوگی۔
-
غیر مجاز سہولت کاری کا خاتمہ: تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی افغان شہری کو غیر مجاز سہولت فراہم نہ کریں اور پی ایم ڈی سی کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
-
3 روز کی مہلت: جن اداروں نے اب تک تعمیلی رپورٹ جمع نہیں کرائی، انہیں 3 دن کے اندر مکمل تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ معلومات چھپانے، ہدایات پر عمل نہ کرنے یا غیر قانونی سہولت کاری کی صورت میں متعلقہ اداروں کے خلاف پی ایم ڈی سی ایکٹ 2022 کے تحت سخت ریگولیٹری کارروائی کی جائے گی۔

