اسلام آباد (ایجو کیشن رپورٹر)قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں طلبہ کی ٹرانسپورٹیشن اور ہاسٹل فیسوں میں مسلسل اضافے کے باعث طلبہ اور ان کے والدین میں شدید پریشانی اور تشویش پھیل گئی ہے۔
طلبہ کے مطابق ٹرانسپورٹیشن اور سروسز فیس میں 8.65 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے مجموعی فیس تقریباً 52 ہزار روپے سے بڑھ کر ساڑھے 60 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ اسی طرح ہاسٹل فیس میں فی سمسٹر 10 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ قائم مقام وائس چانسلر کے ان اقدامات سے ان کا تعلیمی مستقبل اور معاشی حالت متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان، صدرِ پاکستان اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے فیسوں میں اس بے جا اضافے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔