اہم ترین

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تعلیم و تحقیق پر عالمی کانفرنس اختتام پذیر

اسلام آباد  (ایجو کیشن رپورٹر) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی...

اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیرِ اہتمام "نیشنل محسنِ انسانیت ﷺ کوئز مقابلہ” کا انعقاد

 لاہور(ایجو کیشن رپورٹر)اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیرِ اہتمام اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور جناب عبداللہ بن عباس کی سرپرستی میں "نیشنل محسنِ انسانیت ﷺ کوئز مقابلہ” آج صبح ۱۰ بجے سائنس کالج، لاہور میں منعقد ہوا۔

اس کوئز مقابلے کا مقصد نوجوان نسل میں سیرتِ نبوی ﷺ کے مطالعے کا شوق پیدا کرنا اور قومی سطح پر اسوۂ حسنہ کا پیغام عام کرنا ہے، تاکہ طلبہ اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھال سکیں۔ مقابلے میں سیرتِ طیبہ، اسلامی تاریخ، اخلاقِ نبوی ﷺ اور ریاستِ مدینہ کے نظام سے متعلق سوالات شامل تھے، جن کے جوابات دیتے ہوئے شرکاء نے اپنی علمی قابلیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

تقریب سے خصوصی خطاب ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذاتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے رحمت اور کامل نمونہ ہے، اور آج کے نوجوان کو درپیش فکری، اخلاقی اور معاشرتی چیلنجز کا حل اسوۂ حسنہ کی پیروی میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ کا مطالعہ محض علم نہیں بلکہ کردار سازی کا ذریعہ ہے، اور اسلامی جمعیت طلبہ تعلیمی اداروں میں اسی پیغام کو عام کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور عبداللہ بن عباس نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوان نسل آج بھی اپنے نبی ﷺ سے والہانہ محبت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت آئندہ بھی ایسی علمی و فکری سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں کا تعلق قرآن و سنت سے مضبوط ہو۔

مقابلے میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے، جن میں پہلا انعام ۵ لاکھ روپے، دوسرا انعام ۳ لاکھ روپے اور تیسرا انعام ۲ لاکھ روپے شامل ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، ترقی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔