بھکر (نمائندہ خصوصی) گورنمنٹ کالج برائے خواتین بھکر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران بیداری فاؤنڈیشن کی جانب سے طالبات میں 100 سائیکلیں مفت تقسیم کی گئیں۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد طالبات کو آمدورفت کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی صحت، خود اعتمادی اور تعلیمی سرگرمیوں میں شرکت کو فروغ دینا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی نے کہا کہ طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند اور بااعتماد ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سفری سہولیات میں بہتری سے طالبات نہ صرف روزمرہ آمدورفت میں آسانی محسوس کریں گی بلکہ زیادہ خوداعتمادی کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے بیداری فاؤنڈیشن کے فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرکاری و نجی اداروں کا باہمی تعاون معاشرے میں مثبت تبدیلی کا باعث بنتا ہے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ حسن نذیر، چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایجوکیشن، کالج کی پرنسپل اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔