پشاور (خصوصی نامہ نگار) محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کی ہدایت پر صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں ‘عالمی یومِ خواندگی’ کی مناسبت سے یکم تا 8 ستمبر خصوصی آگاہی اور مطالعاتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 8 ستمبر کو عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر مرکزی تقاریب منعقد کی جائیں گی، جبکہ اس سے قبل صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف پروگرامز کا انعقاد جاری ہے۔ سرگرمیوں کے سلسلے میں تمام سکولوں اور کالجوں کو سیمینارز، آگاہی سیشنز، تقریری مقابلوں اور مباحثوں کے اہتمام کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔
طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مضمون نویسی، پوسٹر سازی اور مطالعاتی مقابلے بھی شروع کیے جا چکے ہیں۔ محکمہ تعلیم نے شفافیت اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے تمام تعلیمی اداروں کو پابند کیا ہے کہ وہ منعقدہ پروگرامز کی روزانہ کی بنیاد پر تصاویر اور پیش رفت رپورٹ متعلقہ حکام کو جمع کروائیں۔
محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق ان تمام سرگرمیوں کا بنیادی مقصد طلبہ اور عام لو گوں میں تعلیم، کتاب خوانی اور پڑھائی کی اہمیت کے حوالے سے شعور و آگاہی کو فروغ دینا ہے۔

