خیبر پختونخوا میں 6 کیڈٹ کالج منصوبے تاخیر کا شکار، صرف سوات کالج فعال

خیبر پختونخوا میں 6 کیڈٹ کالج منصوبے تاخیر کا شکار، صرف سوات کالج فعال

صحت و تعلیم کو ترجیحی فنڈز دینے کی رولنگ، معاملہ قائمہ کمیٹی کے سپرد، اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات

پشاور (نامہ نگار)

خیبر پختونخوا اسمبلی میں کیڈٹ کالجز کے منصوبوں میں تاخیر اور تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر ارکان نے حکومت سے وضاحت طلب کر لی۔ ایوان کو بتایا گیا کہ گزشتہ 10 برسوں میں سوات، سراروغہ، وانا، مردان، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کیڈٹ کالجز کی منظوری دی گئی تھی، تاہم ان 6 میں سے صرف سوات کا کیڈٹ کالج ہی فعال ہو سکا ہے۔

پینل آف چیئرمین محمد انور خان کی زیرِ صدارت اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی نے منصوبوں کی تکمیل اور لاگت میں اضافے کے حوالے سے سوالات اٹھائے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے ابتدائی تعلیم رجب علی عباسی نے ایوان کو بتایا کہ مردان کیڈٹ کالج کو جنوری 2027 میں فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈی آئی خان میں فیزیبلٹی جاری ہے اور وانا کالج زیرِ تعمیر ہے۔ وانا کیڈٹ کالج کی لاگت 1 ارب 28 کروڑ سے بڑھ کر 2 ارب 9 کروڑ 60 لاکھ روپے ہو چکی ہے۔

احمد کنڈی نے سوال اٹھایا کہ لکی مروت کالج کی منظوری 2016 میں ہوئی تھی لیکن یہ منصوبہ تا حال مکمل نہیں ہو سکا۔ اگر یہ منصوبے حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں تو ان پر عملدرآمد میں اتنی تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟

اجلاس کے دوران کوہستان کے پٹن ڈگری کالج میں اسٹاف اور سہولیات کی کمی کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ ارکان نے نشاندہی کی کہ کالج میں تدریسی عملہ اور طلبہ کی کمی کے باعث صورتحال ابتر ہے، جس پر حکومت نے دور دراز علاقوں میں مقامی افراد کی کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی کا فیصلہ کیا ہے۔ مزید برآں ارکان نے 560 پرائمری اسکولوں میں کمروں کی عدم دستیابی اور ای ٹرانسفر نظام میں شفافیت کے مسائل اٹھائے، جس پر پینل آف چیئرمین نے صحت و تعلیم کو ترجیحی فنڈز دینے کی رولنگ دیتے ہوئے معاملے کو قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

urdutaleem@gmail.com

Recent Posts

گورنمنٹ گریجویٹ کالج چونا منڈی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، ہونہار سکالرشپ کی منظوری ، فیسوں میں اضافے کی تجویز مسترد

لاہور (سپیشل رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی…

1 گھنٹہ ago

خیبرپختونخوا کا بڑا تعلیمی فیصلہ، نویں سے بارہویں تک نیا قومی نصاب نافذ، 2027ء سے یکساں امتحانات کا اعلان

پشاور (سپیشل رپورٹر) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں نویں…

2 گھنٹے ago

سندھ یوتھ اپرچونٹی فیسٹیول کا 17 ستمبر سے لاڑکانہ میں انعقاد

لاڑکانہ (خصوصی رپورٹر) سندھ کے نوجوانوں کو کھیلوں، تعلیم، جدید مہارتوں اور روزگار کے مواقع سے…

13 گھنٹے ago

جامعہ سیالکوٹ میں شعبہ اردو کے زیرِ اہتمام ‘اوپن ہاؤس 2026’ کا پروقار انعقاد

سیالکوٹ (خصوصی رپورٹر) یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے شعبہ اردو کے زیرِ اہتمام 'اوپن ہاؤس 2026' کا…

14 گھنٹے ago

پیٹرولیم بحران، خیبرپختونخوا میں تعلیمی ادارے جمعہ اور ہفتہ کو بند رکھنے کا اعلان، 2 ماہ کے لیے نیا شیڈول جاری

پشاور (ایجو کیشن رپورٹر) خیبرپختونخوا حکومت نے ملک میں درپیش پیٹرولیم بحران اور ایندھن کی بچت…

14 گھنٹے ago

جامعہ پشاور کی ہٹ دھرمی، ڈگریوں کی عدم فراہمی پر 100 سے زائد طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا

پشاور (ایجو کیشن رپورٹر) جامعہ پشاور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن  کی نیڈ بیسڈ سکالرشپ حاصل کرنے…

14 گھنٹے ago