سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا “نیشنل پوسٹ ڈاکٹرل فیلو شپ پروگرام” کے تیسرے مرحلے کا اعلان، درخواستیں طلب
کراچی (سپیشل رپورٹر) سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی یونیورسٹیوں اور تحقیقی اداروں کے فیکلٹی ممبران کے لیے “نیشنل پوسٹ ڈاکٹرل فیلو شپ پروگرام (فیز III)” کا آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد صوبے میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے معیار کو بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق بنانا ہے۔
اشتہار کے مطابق، اس فیلو شپ کے لیے امیدوار کا HEC سے تسلیم شدہ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی (Ph.D) ہونا لازمی ہے اور عمر کی حد 50 سال مقرر کی گئی ہے۔ درخواست گزار کے لیے سندھ کا ڈومیسائل اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ (PRC) رکھنا ضروری ہے۔ منتخب امیدواروں کو پبلک یا پرائیویٹ سیکٹر کی یونیورسٹیوں یا ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ (R&D) کے اداروں میں تعینات کیا جائے گا، جہاں وہ معاشرے اور صنعت کی ضرورت کے مطابق اپنے تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔
خواہشمند امیدوار اپنی مکمل درخواستیں بمعہ دستاویزات (ہارڈ کاپی) اور پی ڈی ایف فارمیٹ میں ای میل کے ذریعے 31 مارچ 2026 تک جمع کروا سکتے ہیں۔ سندھ ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ نامکمل درخواستوں یا سرقہ (Plagiarism) پائے جانے کی صورت میں درخواست مسترد کر دی جائے گی۔ مزید معلومات اور پالیسی گائیڈ لائنز کے لیے کمیشن کی آفیشل ویب سائٹ وزٹ کی جا سکتی ہے۔


