طالبہ کو شادی کی پیشکش مہنگی پڑ گئی، مشتعل لڑکی اور ساتھیوں نے پروفیسر کی چپل سے پٹائی کر دی
بنگلور (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی شہر بنگلور کے ایک میڈیکل کالج میں اس وقت افسوسناک صورتحال پیدا ہو گئی جب ایک پروفیسر نے کلاس روم کے اندر اپنی طالبہ کو کھلے عام شادی کی پیشکش کر ڈالی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پروفیسر طالبہ سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہتا ہے کہ “تم نے مجھ سے کہا تھا کہ میں تم سے پیار کرتی ہوں”، جس پر طالبہ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس دعوے کی تردید کی اور کہا کہ اس نے ایسا کبھی نہیں کہا۔
واقعے کے دوران دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد طالبہ نے آپے سے باہر ہو کر دیگر طالب علموں کے ساتھ مل کر استاد کی چپلوں اور تھپڑوں سے پٹائی کر دی۔ ویڈیو کے دوسرے حصے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی پروفیسر کلاس روم سے باہر نکلا، وہاں موجود دیگر طلبہ نے بھی اسے آڑے ہاتھوں لیا۔

