پبی (نامہ نگار)ضلع نوشہرہ کے گورنمنٹ سکولوں میں ہفتہ صفائی مہم باقاعدہ طور پر جاری ہے، جس کے ساتھ ساتھ انسداد ڈینگی اور خواندگی کے حوالے سے بھی خصوصی آگاہی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) نوشہرہ، ڈاکٹر اقبال خان نے گورنمنٹ ہائی سکول پبی میں ہفتہ صفائی مہم اور انسداد ڈینگی آگاہی مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر سکول کے اساتذہ اور طلبہ نے صفائی مہم میں عملی طور پر حصہ لیا اور سکول کے کلاس رومز، صحن، گراؤنڈ اور دیگر اہم مقامات کی صفائی کی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر اقبال خان نے اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ صفائی کو روزمرہ کا معمول بنایا جائے تاکہ سکولوں کے ماحول کو صاف ستھرا اور ماحول دوست رکھا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد ممکن بنایا جائے۔ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے کے لیے سکولوں کے اندر پانی کے ذخائر کی مسلسل نگرانی، صفائی ستھرائی اور دیگر تمام مناسب انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

