مری (نیوز ڈیسک) مری کے علاقے لوئر موہڑا بڑا ہوتر کے قریب اسکول کے بچوں کو لے جانے والی مسافر وین خوفناک حادثے کا شکار ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے بعد گاڑی میں ناگہانی آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے نتیجے میں 10 بچے شدید جھلس کر زخمی ہو گئے۔
شادمان، خاتون ٹیچر کا چوتھی جماعت کے طالب علم پر تشدد، مقدمہ درج
تفصیلات کے مطابق، اسکول وین ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے کھائی میں جا گری، جس کے فوراً بعد شارٹ سرکٹ یا سلنڈر کے باعث گاڑی میں شديد آگ لگ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی ٹیمیں اور فائر فائٹرز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شدید زخمی بچوں کو باحفاظت باہر نکالا اور موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں تمام 10 زخمی بچوں کو مزید علاج معالجے کے لیے سول ہسپتال مری منتقل کر دیا گیا۔
>فائر فائٹنگ ٹیم نے وین میں لگی آگ پر مکمل طور پر قابو پا کر کولنگ کا عمل مکمل کر لیا ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ اور پولیس نے حادثے کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔