نواز شریف سکول آف ایمیننس کا ماڈل گلوبل سٹٰنڈرڈ کا حامل تعلیمی پراجیکٹ ہے۔ رانا سکندر حیات
لاہور(ایجو کیشن رپورٹر)و زیر تعلیم رانا سکندر حیات نے مصطفیٰ آباد میں امتحانی سنٹر کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے امتحانی عمل کا معائنہ کیا اور طلباء سے ملاقات میں امتحانی سنٹر سے متعلق مسائل بھی دریافت کئے۔ وزیر تعلیم نے کیو آر کوڈ کی مدد سے امیدواروں کی شناخت بھی چیک کی جبکہ اس موقع پر مستعدی سے فرائض سرانجام دینے پر نگران عملہ کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ وزیر تعلیم نے کاہنہ صوئے آصل میں نواز شریف سکول آف ایمیننس کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سکول میں دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ایک ہزار اور دو ہزار سیٹوں والے سکولوں میں آٹھ آٹھ ہزار درخواستیں آئی ہیں۔ ایک ایک سیٹ کے مقابلے میں کئی کئی درخواستیں ہیں، جو اس پراجیکٹ پر اعتماد کا اظہار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس کا ماڈل تعلیمی پراجیکٹ گلوبل سٹٰنڈرڈ کے مطابق کلاس رومز، روبوٹک، سائنس اور کمپیوٹر لیبز، لائبریری، میڈیکل سمیت دیگر سہولیات پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سکول آف ایمینینس میں یکم ستمبر سے تعلیمی سلسلہ شروع ہو رہا ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں 2 اور پورے 300 نواز شریف سکول آف ایمیننس شروع کر رہے ہیں۔ ہر سال 5 سے 10 لاکھ بچے فری پڑھیں گے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بہترین ماڈل تعلیمی ادارے اگر حکومت خود بناتی اور چلاتی تو اربوں روپے درکار تھے۔ ہم نے قومی خزانے پر بوجھ نہیں ڈالا اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ایسے ادارے کھول کر وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کوالٹی اور مفت تعلیم کا اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔
مریم نواز معیاری اور مفت تعلیم کی فراہمی کاوعدہ پورا کر رہی ہیں۔ وزیر تعلیم

