اسلام آباد (تعلیمی رپورٹر) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) نے اپنے مین کیمپس اسلام آباد اور راولپنڈی کیمپس کے لیے مختلف فیکلٹیز کے تحت شارٹ اور سمر کورسز 2026 کے داخلوں کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ نمل انتظامیہ کے مطابق ان کورسز میں داخلے کے لیے آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جون 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ فائنل میرٹ لسٹ کا ڈسپلے 29 جون کو ہوگا اور کامیاب امیدوار 29 جون سے 6 جولائی تک فیسیں جمع کرا سکیں گے۔
رواں سال فیکلٹی آف لینگویجز کے تحت عربی، چینی، فرانسیسی، جرمن، ترکی، روسی، ہسپانوی سمیت متعدد زبانوں کے شارٹ کورسز اور انگلش لینگویج کورسز متعارف کرائے گئے ہیں، جبکہ ترجمہ و تشریح کے کورسز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹیز، فیکلٹی آف سوشل سائنسز، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹنگ اور فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے تحت بھی درجنوں جدید کورسز کا آغاز کیا جا رہا ہے،
جن میں پائتھن، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ڈیٹا اینالیٹکس، سافٹ ویئر ٹیسٹنگ، کمپیوٹر پروگرامنگ، میڈیا اینڈ کمیونیکیشن، گورننس اور اکنامکس جیسے فیلڈز شامل ہیں۔ نمل راولپنڈی کیمپس میں بھی میٹرک اور انٹرمیڈیٹ پاس طلبہ کے لیے زبانوں اور کمپیوٹر سائنس کے خصوصی شارٹ کورسز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ یہ تمام کورسز 6 جولائی سے 7 اگست 2026 تک مجموعی طور پر 5 ہفتوں کے دورانیے پر مشتمل ہوں گے، جن کی کلاسز روزانہ صبح 8:15 سے دوپہر 12:15 بجے تک ہوں گی۔
یونیورسٹی نے اسلام آباد کیمپس کے لیے ہوسٹل اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات بھی مروجہ فیس کے ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے، اور تمام خواہشمند مقامی و غیر ملکی طلبہ کو یونیورسٹی کے آفیشل پورٹل پر مقررہ تاریخ سے قبل رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

