>لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے پروفیسر ڈاکٹر محمد حسان کو 4 سال کی مدت کے لیے یونیورسٹی آف ساہیوال کا نیا وائس چانسلر مقرر کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
گورنر/چانسلر پنجاب کی منظوری سے ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرچ کمیٹی کی سفارشات اور یونیورسٹی آف ساہیوال ایکٹ 2015ء کے تحت یہ تعیناتی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد حسان اس سے قبل بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی (BZU) ملتان کے انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز سے وابستہ رہے ہیں۔ تعلیمی اور انتظامی حلقوں نے ان کی بطور وائس چانسلر تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قيادت میں یونیورسٹی آف ساہیوال تعلیمی و تحقیقی میدان میں نئی بلندیوں کو چھوئے گی۔
