انعامی رقم 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 1 لاکھ مقرر؛ دسمبر میں ہونے والے فائنل ایونٹ کی میزبانی لاہور بورڈ کرے گا: رانا سکندر حیات
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام چیئرمین بورڈز اور سی ای اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو گراس روٹ لیول پر بحال کرنے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اکتوبر سے دسمبر تک صوبہ بھر کے تمام اسکولوں میں میگا سپورٹس ایونٹ کے انعقاد کی منظوری دی گئی۔
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بتایا کہ پبلک اسکولوں کے درمیان تحصیل، ڈسٹرکٹ، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے، جبکہ دسمبر میں ہونے والے فائنل ایونٹ کی میزبانی لاہور بورڈ کرے گا۔ انہوں نے انعامی رقم کو بڑھا کر بالترتیب 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 1 لاکھ روپے مقرر کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ طلباء اور طالبات کے لیے ہر کیٹیگری کی الگ الگ انعامی رقم مختص کی جائے گی۔
اجلاس میں وزیر تعلیم کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ:
-
صوبے کے تمام 35 ہزار اسکولوں میں سپورٹس کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں۔
-
اب تک 450 اسکولوں میں کھیلوں کا سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ کبھی اسکول کھیلوں کی نرسریاں ہوا کرتے تھے جنہوں نے ملک کو بہترین کھلاڑی دیے، کھیلوں کی بحالی سے طلباء کی تعلیمی دلچسپی میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے حکام کو سپورٹس کٹ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بہترین ٹیلنٹ کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مکمل سپورٹ اور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آئندہ 3 سالوں کی جامع پالیسی مرتب کی جائے اور اگلے سال اس مشن میں نجی اسکولوں کو بھی برابر شامل کیا جائے


