اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے یونیورسٹی کیمپس، ہوسٹلز کے مجموعی انتظام اور سیکیورٹی کی بہتری کے لیے ‘کیمپس مینیجر’ کی انتہائی متحرک اور اہم آسامی پر تقرری کے لیے واک ان انٹرویو کا اعلان کیا ہے۔ یہ آسامی بی پی ایس 20 (BPS-20) گریڈ کے مساوی کنٹریکٹ اور فکسڈ تنخواہ پر اوپن میرٹ کی بنیاد پر پُر کی جائے گی جس کا حتمی فیصلہ سنڈیکیٹ کرے گا۔
اس باوقار عہدے کے لیے تعلیمی اہلیت مینجمنٹ، ایڈمنسٹریشن، یا ایجوکیشن پلاننگ اینڈ مینجمنٹ میں ماسٹرز یا اس کے مساوی ڈگری ہونا لازمی ہے، جبکہ گریڈ 18 میں کم از کم 7 سالہ تجربے کے ساتھ مجموعی طور پر 12 سالہ متعلقہ پیشہ ورانہ تجربہ شرط ہے۔ ایسے امیدوار جن کے پاس بہترین انتظامی، ابلاغی اور قائدانہ صلاحیتیں ہوں اور وہ سول سرونٹ رولز اور دفتری ضابطوں سے مکمل واقفیت رکھتے ہوں، انہیں ترجیح دی جائے گی، جبکہ فوج، پولیس یا دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ریٹائرڈ افسران کو بھی ترحیح ملے گی۔
خواہشمند پاکستانی شہری مقررہ پروفارما کی دو کاپیاں، تصدیق شدہ اسناد، تجربہ سرٹیفکیٹس، شناختی کارڈ اور حالیہ تصاویر کے ہمراہ 4 ہزار روپے کا بینک ڈرافٹ یا پے آرڈر (ٹرینر قائد اعظم یونیورسٹی کے نام) منسلک کر کے 4 جون 2026 کو سنڈیکیٹ روم میں سلیکشن سرچ کمیٹی کے سامنے واک ان انٹرویو کے لیے پیش ہو سکتے ہیں۔ سرکاری یا نیم سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین اپنے محکموں کے توسط سے درخواست دینے کے پابند ہوں گے،
جب کہ نامکمل درخواستیں یا انٹرویو میں عدم پیشی پر نامزدگی منسوخ تصور کی جائے گی۔ حتمی تقرری یونیورسٹی کے مروجہ قوانین اور متبادل ترامیم کے تحت کی جائے گی اور اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ کا فیصلہ حتمی ہو گا۔

