کراچی (ایجو کیشن رپورٹر) محکمہ تعلیم سندھ کی مبینہ بے حسی کے باعث کریم آباد میں واقع دلی گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول کی بندش کو چار روز گزر چکے ہیں، تاہم صوبائی وزیر تعلیم، کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے نہ تو اسکول کا دورہ کیا اور نہ ہی ہزاروں طلبہ کو اسکول دوبارہ کھلوانے یا عمارت سرکاری تحویل میں لینے کی کوئی یقین دہانی کرائی۔
اسکول کی مسلسل بندش کے خلاف جمعرات کو طلبہ کی بڑی تعداد صبح ہی اسکول کے باہر جمع ہو گئی۔ عمارت میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر طلبہ نے اسکول کے سامنے سڑک بند کر کے وہیں اسمبلی منعقد کی، جس میں اساتذہ بھی شریک ہوئے۔
اسمبلی کے بعد طلبہ سڑک پر ہی بیٹھ گئے، جہاں ایک خاتون استاد نے ان کی حاضری لی۔ اس موقع پر طلبہ کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سڑک کی بندش سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

