Home universties مہران یونیورسٹی ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کی افتتاحی تقریب

مہران یونیورسٹی ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کی افتتاحی تقریب

5
0

مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جام شورو کی طرف سے ہر سال کی طرح مہران یونیورسٹی ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کی افتتاحی تقریب مرکزی آڈیٹوریم میں ہوئی، مہران یونیورسٹی کے گیارہویں ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کے بحث مباحثے میں طلبا کے 326 وفود نے حصہ لیا، افتتاحی تقریب میں ربن جوڑ کر تین روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر جام شورو انجینئر غضنفر علی قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی مہران یونیورسٹی کا طالب علم ہوں اور میری کوشش ہے کہ

مہران یونیورسٹی اور اپنے ضلع کے لئے ایسا کام کروں جس پر فخر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریبات طلبا کو ڈپلومیسی سکھاتی ہیں اور دنیا میں چلنے والے مباحثوں اور اہم اشوز کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے، نہ صرف یہ کہ موجودہ مسائل کیا ہیں بلکہ ان کا حل بھی ان مباحثوں میں تلاش کرتے ہیں۔یہ ایک صحت مند اکیڈمک سرگرمی ہے جس کا کریڈٹ مہران یونیورسٹی کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ایسا ماحول پیدا کرنے کا سہرا یونیورسٹی کی قیادت کو جاتا ہے۔مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر و میوٹ من کے پیٹرن اِن چیف پروفیسر ڈاکٹر طحہ حسین علی نے کہا کہ 2015 میں ہم نے ماڈل یو این کی ابتدا کی تھی تو ہمیں یقین نہیں تھا کہ ہم اس روایت کو جاری رکھ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ

تین دن تک مختلف اشوز پر سخت گفت و شنید والے مباحثے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں اب تیزی سے چیزیں بدل رہی ہیں اور مہران یونیورسٹی کے سفیر آپ طلبا ہیں جو مقامی سطح سے علاقائی اور عالمی واقعات اور تبدیلیوں پر نظر رکھتے ہیں، وی سی نے کہا کہ ہر سال ہم نئے چیپٹر کے ساتھ نئے تھیم لاتے ہیں، جو طلبا کے لئے دلچسپی اور تخلیقی صلاحیت فراہم کرنے کا جواز مہیا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تین دنوں میں طلبا لیڈر کے طور پر اپنے آپ کو دلائل کے ساتھ پیش کرتے ہیں اور اپنے آپ کو لیڈر بھی محسوس کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ طلبا اور طالبات کو اپنی قیادت کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے۔شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور کے

سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رضا بھٹی نے کہا کہ میں آج کی تقریب کو دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں اور آپ طلبا پر فخر بھی ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی صنعتی ادارہ یا کوئی بھی ادارہ یونیورسٹی کے درجے سے اوپر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساری دھرتی انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہے۔ ڈاکٹر رضا بھٹی نے کہا کہ آپ طلبا کو قوم کا ذمہ دار شہری بننے کا اعزاز حاصل ہے اور آپ کو ذمہ دار شہری بن کر دکھانا ہے۔ مہران یونیورسٹی کا یو این ماڈل کی صحت مند سرگرمیاں برقرار رکھنا واقعی تحسین کے قابل کام ہے۔افتتاحی تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر انیل کمار، رجسٹرار ڈاکٹر نصراللہ پیر زادہ اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر عامر سومرو نے اپنے افتتاحی کلمات کے دوران مہران یونیورسٹی ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کی دس سالہ تاریخ کی تفصیلات پیش کیں

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here