تربت (نمائندہ حصوصی) گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول تربت کی طالبات نے ریڈیو پاکستان تربت کا مطالعاتی دورہ کیا۔ طالبات کے اس تعلیمی وفد کی قیادت سینئر سائنس ٹیچر تمنا رفیق، امینہ ناصر، حمیرہ جبین اور زیبہ غفور
کر رہی تھیں۔ اس موقع پر سٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان تربت عبدالحمید شاکر نے طالبات کو خوش آمدید کہا اور
ریڈیو پاکستان تربت کی تاریخ، اغراض و مقاصد اور نشریاتی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سٹیشن
ڈائریکٹر نے کہا کہ دورِ جدید میں جہاں سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا دور ہے وہاں آج بھی ریڈیو کی اہمیت
و افادیت مسلمہ ہے، خاص طور پر ضلع کیچ جیسے وسیع و عریض علاقے میں ریڈیو آج بھی اطلاعات، تعلیم اور
تفریح کا سب سے مؤثر اور قابلِ رسائی ذریعہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریڈیو پاکستان تربت مقامی زبان میں مختلف معلوماتی، تعلیمی، ادبی اور تفریحی پروگرام نشر کر
کے علاقے کے عوام میں شعور بیدار کرنے اور مقامی ثقافت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ
تعلیمی اداروں کے فروغ میں ریڈیو کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہے اور ریڈیو پاکستان تربت اس سلسلے میں خصوصی
تعلیمی پروگرام نشر کرتا رہا ہے۔ بعد ازاں سینئر پروڈیوسر جلیل احمد اور شعبہ نیوز سے عبدالصمد خالق نے طالبات
کو ریڈیو پاکستان کے مختلف پروگراموں، پروگراموں کی تیاری کے مراحل، خبر ناموں کی تیاری اور نشریات کے اصولوں
سے متعلق آگاہی دی