اسلام آباد (ایجو کیشن رپورٹر)نیشنل گرلز ایجوکیشن فنانسنگ کانفرنس 2026 میں بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے سرکاری سرمایہ کاری بڑھانے، تعلیمی سہولیات بہتر بنانے اور خاندانوں پر مالی بوجھ کم کرنے پر زور دیا گیا۔ پاکستان کولیشن فار ایجوکیشن اور ملالہ فنڈ کے اشتراک سے منعقدہ کانفرنس میں ماہرین نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم ملکی ترقی کی بنیاد ہے، اس لیے تعلیمی بجٹ میں منصفانہ وسائل مختص کیے جائیں تاکہ ہر بچی کو تعلیم جاری رکھنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔
گورنر کے پی کے کا جامعات میں غیر ضروری بھرتیاں بند کرنے کا اعلان
ملالہ فنڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر نشاط ریاض نے کہا کہ حکومتیں جدید مالی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے بچیوں کی تعلیم کے لیے سرمایہ کاری کو ترجیح دیں۔ پاکستان کولیشن فار ایجوکیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر زہرا ارشد نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچیوں کو درپیش اخراجات کو بھی تعلیمی منصوبہ بندی میں شامل کیا جانا چاہیے۔
کانفرنس میں جاری رپورٹ کے مطابق سرکاری سکولوں میں بیٹی کی ثانوی تعلیم کے لیے خاندانوں کو ماہانہ کم از کم 5,899 روپے خرچ کرنا پڑتے ہیں۔ شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ بہتر مالی معاونت، معیاری سہولیات اور موثر پالیسیوں کے ذریعے بچیوں کی تعلیم تک رسائی اور تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے مواقع مزید بہتر بنائے جا سکتے ہیں۔