ڈی جی خان (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈی جی خان کےلٹل سکالر سکول میں کلاس کی چھت گرنے سے 4 طلبہ جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں
ریسکیواہلکاروں کے مطابق کلاس کی چھت اوور لوڈ ہونے کے باعث گری ،متعدد بچے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ،رضا کاروں نے ٹیچر اور 8 بچوں کو ملبے سے نکال لیاہے۔
ریسکیوذرائع کےمطابق حادثہ بلاک V اور W کے درمیان واقع سکول میں پیش آیا، 4 بچوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں،7 ایمبولینسز، 2 فائر وہیکلز، 2 ریسکیو گاڑیاں اور موٹر بائیک سروس نے موقع پر پہنچ کر آپریشن میں حصہ لیا حادثہ کے باعث پولیس اور ضلعی انتظامیہ بھی موقع پر موجودہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور ڈی پی او صادق بلوچ نےمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاہے کہ طلبہ و طالبات اور ٹیچرز سمیت کل 20 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے
ڈپٹی کمشنرمحمدعثمان خالدکے مطابق سکول میں کل 789 بچے زیر تعلیم تھے، 4 بچے جان بحق اور 12 زخمی ہوئے، 2 ٹیچرز اور 2 مزدور بھی زخمی ہوئے ہیں،ابتدائی معلومات کے مطابق چھت پر میٹریل پڑا ہوا تھا، اور چھت اوور لوڈ ہونے کی وجہ سے گری ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالدکے مطابق مزید تفتیش جاری ہے،کریمنل سائیڈ دیکھ رہے ہیں، ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہو گی، سکول کا فٹنس سرٹیفکیٹ اور آخری انسپیکشن چیک کریں گے، جس نے بھی فٹنس سرٹیفکیٹ دیا ہو گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کریں گےاور نشان عبرت بنائیں گے۔
ڈی سی عثمان خالدکے مطابق کمیٹی بنا کر باقی تمام سکولز کی بھی انسپیکشن کریں گے، جان بحق بچوں کے لواحقین کے لیے جو بھی امدادی پیکج ممکن ہو سکا کریں گے، زخمی بچوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کے لیے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ڈی پی او صادق بلوچ کاکہناہے کہ محکمہ بلڈنگ کی طرف سے مراسلہ آنا ہے، ایف آئی آر درج ہو گی اورذمہ داران کے خلاف تفتیش کریں گے، ذمہ داران اپنے فون بند کرنے کی بجائے تھانے میں آکر خود کو سرنڈر کریں، میرٹ پر تفتیش ہو گی اور کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی
ذرائع کے مطابق لٹل سکالر سکول کی داخلہ فیس 25000 جبکہ ماہانہ فیس 7000 روپے ہے اس کے باوجود عمارت کی چھت کچی تھی

