اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں سالانہ 20 فیصد سے زائد ترقی ہو رہی ہے، اور حکومت آئی ٹی شعبے میں مزید بہتری لانے کے لیے یونیورسٹیوں میں جدید سینٹرز قائم کرے گی
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ہواوے گلوبل سروس سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت آئی ٹی ٹیلنٹ دنیا کے کونے کونے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہا ہے
وفاقی وزیر نے بتایا کہ
صرف وفاقی دارالحکومت میں بیٹھ کر ڈھائی ہزار نوجوان انجینئرز مشرق وسطیٰ، افریقہ اور لاطینی امریکہ سمیت دنیا کی 100 سے زائد بین الاقوامی مارکیٹس کے ٹیلی کام و آئی ٹی نیٹ ورکس چلا رہے ہیں اور دنیا میں پاکستان کا ایک مضبوط و باوقار شخص قائم کر رہے ہیں
حکومت ملک کے اندر ڈیجیٹل انقلاب اور نوجوانوں کی جدید سکلز ٹریننگ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے
اس سلسلے میں 3 لاکھ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے پروگرام کے تحت 200 سے زائد ملکی یونیورسٹیوں میں جدید آئی سی ٹی اکیڈمیاں قائم کی جا چکی ہیں، جن سے تربیت پانے والے 400 سے زائد پاکستانی ماہرین بیرونِ ملک بین الاقوامی مارکیٹوں میں اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل کنیکٹوٹی اور ٹیلی کام انفراسٹرکچر کے لحاظ سے نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔ ملک میں حال ہی میں 480 میگا ہرٹز کی تاریخی اور دنیا کی سب سے بڑی سپیکٹرم نیلامی کامیابی سے منعقد کی گئی ہے، جو 5G اور جدید ترین مستقبل کی ٹیکنالوجیز کی بنیاد فراہم کرے گی