Categories: بریکنگ نیوز

جامعہ کراچی،فیل طلبہ کو پاس کرنے کے سکینڈل کی تحقیقات کے لیے3 رکنی کمیٹی قائم

کراچی (سپیشل رپورٹر)جامعہ کراچی نے قائم مقام وائس چانسلر طفیل جوکھیو کے دور میں الحاق شدہ لاء کالجز کے بی اے، ایل ایل بی سیکنڈ ایئر کے امتحانی نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں، مارکس شیٹس میں تضادات اور اسکروٹنی کے ذریعے طلبہ کو کامیاب قرار دیئے جانے کے اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے دو ریٹائرڈ ججوں اور وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے پر مشتمل تین رکنی اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

کمیٹی میں جسٹس (ر) ضیا پرویز، جسٹس (ر) ندیم اختر اور وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈاکٹر نذیر حسین شامل ہیں۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ 4 نومبر کو دوپہر 12 بجے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔
غازی یونیورسٹی ڈی آئی خان میں قیام کے بعد پہلی بار مستقل خزانچی تعینات

واضح رہے کہ جامعہ کراچی کے الحاق شدہ لاء کالجز کے امتحانی نتائج میں اسکروٹنی کے بعد طلبہ کو کامیاب قرار دیئے جانے کے معاملے پر سوالات اٹھائے گئے تھے، کیونکہ جامعہ کے مروجہ امتحانی قواعد کے مطابق اسکروٹنی کے دوران صرف نمبروں کی دوبارہ گنتی، ٹوٹلنگ اور نمبروں کے اندراج کی جانچ کی جاسکتی ہے، جبکہ امتحانی کاپیوں کی ازسرنو جانچ یا دوبارہ مارکنگ کی اجازت نہیں ہے۔

جامعہ کراچی کے مطابق بعض طلبہ نے شکایت کی تھی کہ وہ امتحانات میں کامیاب ہوئے تھے تاہم جاری کردہ مارکس شیٹس میں انہیں ناکام ظاہر کیا گیا، جس کے بعد متاثرہ طلبہ نے اسکروٹنی کی درخواستیں جمع کرائیں اور مؤقف اختیار کیا کہ وہ بی اے، ایل ایل بی کے امتحانات میں کامیابی کے حق دار ہیں۔

تحقیقاتی کمیٹی اس امر کا جائزہ لے گی کہ امتحانی نتائج کی تیاری، مارکس شیٹس کے اجرا اور اسکروٹنی کے عمل میں قواعد و ضوابط کی پابندی کی گئی یا نہیں اور طلبہ کے نتائج میں سامنے آنے والے تضادات کی اصل وجوہات کیا تھیں۔

وہاڑی میں افسوس ناک واقعہ،سکول وین پر تیزاب پھینکنے سے دو بچے اور ڈرائیور جھلس گئے،ملزم فرار

کمیٹی متاثرہ طلبہ، امتحانی کاپیاں جانچنے والے اساتذہ اور اسکروٹنی کے بعد جوابی کاپیوں کا جائزہ لینے والے متعلقہ افراد کے بیانات حاصل کرے گی۔ اس کے علاوہ کمیٹی شعبہ امتحانات کا دورہ کرکے ناظم امتحانات اور دیگر متعلقہ افسران سے بھی پوچھ گچھ کرے گی اور امتحانی ریکارڈ، مارکس شیٹس، اسکروٹنی کی درخواستوں اور دیگر دستیاب دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔

کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام متعلقہ فریقین کا مؤقف سننے اور دستیاب شواہد کا جائزہ لینے کے بعد حقائق پر مبنی رپورٹ جامعہ کراچی کی انتظامیہ کو پیش کرے تاکہ معاملے کو شفاف اور منصفانہ انداز میں نمٹایا جاسکے۔

ملتان, محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں گندم اگاؤ مہم کا باقاعدہ افتتاح

دوسری جانب جامعہ کراچی نے الحاق شدہ لاء کالجز کے تدریسی اور امتحانی نظام کو منظم بنانے کے لیے جامع تعلیمی کیلنڈر مرتب کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس میں سال بھر کی تدریسی سرگرمیوں، امتحانات اور نتائج کے اجرا کا شیڈول شامل ہوگا۔

یہ تعلیمی کیلنڈر منظوری کے لیے رواں ماہ ہونے والے جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

جامعہ کراچی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی امتحانی نظام میں شفافیت، میرٹ اور جواب دہی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ انتظامیہ کے مطابق آزادانہ تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کا مقصد امتحانی نظام پر طلبہ اور متعلقہ فریقین کا اعتماد بحال کرنا اور جہاں ضروری ہو وہاں اصلاحی اقدامات کرنا ہے۔

urdutaleem@gmail.com

Recent Posts

وہاڑی میں افسوس ناک واقعہ،سکول وین پر تیزاب پھینکنے سے دو بچے اور ڈرائیور جھلس گئے،ملزم فرار

وہاڑی (نامہ نگار)وہاڑی کے علاقے ماچھیوال میں ملزم سکول وین پر تیزاب پھینک کر فرار…

3 گھنٹے ago

غازی یونیورسٹی ڈی آئی خان میں قیام کے بعد پہلی بار مستقل خزانچی تعینات

ڈیرہ غازی خان (ایجوکیشن رپورٹر) غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں قیام کے بعد پہلی…

9 گھنٹے ago

کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کا رفاہ یونیورسٹی کا دورہ، کارکردگی کو سراہا

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے رفاہ یونیورسٹی کا…

9 گھنٹے ago

گورنمنٹ کالج فیصل آباد میں 2 روزہ بین الاقوامی اپلائیڈ زوالوجی کانفرنس کا آغاز

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) گورنمنٹ کالج فیصل آباد میں اپلائیڈ زولوجی سوسائٹی آف پاکستان کے…

10 گھنٹے ago

فیصل آباد، انٹر کالجیٹ ریسلنگ چیمپئن شپ میں پنجاب کالج کی ٹیم 7 گولڈ میڈلز کے ساتھ اول

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق بورڈ آف…

10 گھنٹے ago

حافظ آباد: کار کی رکشہ کو ٹکر، 4 طالبات شدید زخمی

حافظ آباد (نمائندہ حصوصی) گوجرانوالہ روڈ پر تھانہ صدر کے قریب تیز رفتار کار نے…

10 گھنٹے ago