لاہور (ایجو کیشن رپورٹر)
غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اقبال اکادمی پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ تین روزہ کُل پاکستان ادبی مقابلہ جات بیاد علامہ اقبال بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ تین روزہ مقابلوں میں ملک بھر سے غزالی سکولوں کے 500 سے زائد منتخب طلبہ حصہ لے کر شاعرِ مشرق کے کلام، افکار اور فلسفے سے اپنی گہری وابستگی کا اظہار کر رہے ہیں۔
مقابلوں میں پرائمری اور مڈل کلاسوں کے طلبہ کلامِ اقبال، تقاریر، اقبال کی شاعری پر مبنی بیت بازی، اقبال کوئز اور ان کی نظموں پر ٹیبلو پیش کرنے کے مقابلوں میں حصہ .لے رہے ہیں۔ کلامِ اقبال کے مقابلے تحت اللفظ اور مترنم دونوں انداز میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔
مقابلوں کے پہلے دن پرائمری طلبہ کے درمیان بیت بازی، کلام اقبال، اقبال کوئز اور دیگر مقابلے ہوئے، جبکہ کل دوسرے روز مڈل کلاسوں کے طلباء کے درمیان مقابلہ جات منعقد ہوں گے۔ مقابلوں میں بالخصوص کم عمر طلبہ نے اپنی تیاری، اعتماد اور شاندار ادبی صلاحیتوں سے حاضرین کی توجہ حاصل کی۔ مقابلہ جات کے دوران بچے علامہ اقبال کی شاعری کے ذریعے خودی، خود اعتمادی، بلند حوصلگی، محنت اور عمل کا پیغام اجاگر کر رہے ہیں۔
پروگرام میں شامل سماجی شخصیات اور دیگر مہمانوں نے نئی نسل کو اقبال کے افکار سے روشناس کرانے، شاعری اور فکر سے شناسائی پیدا کرنے اور اقبال کے پیغام کو ان تک پہنچانے کے لیے غزالی فاؤنڈیشن اور اقبال اکادمی کے کردار کو سراہا۔ ادبی مقابلوں کا کل دوسرا دن ہے،
جبکہ اختتامی اور تقسیمِ انعامات کی تقریب کل 26 نومبر کو ایوانِ اقبال میں منعقد ہوگی، جس میں وفاقی وزیر برائے ثقافت و قومی ورثہ اورنگزیب خان کھچی سمیت اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ تقریب میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ کو نقد انعامات، جبکہ دیگر شرکاء میں تعریفی اسناد اور تحائف تقسیم کیے جائیں گے۔