پشاور (نیوز ڈیسک) چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، جامعات کی ترقی اور تعلیمی و تحقیقی معیار کو بہتر بنانے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران جامعات میں تعلیمی معیار کی بہتری، انتظامی امور کو مؤثر بنانے، تحقیق و جدت کے فروغ اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو درپیش درپیش مسائل اور ابھرتی ہوئی ضروریات پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے اہم نکات درج ذیل ہیں
تعاون اور رابطہ کاری: چیئرمین ایچ ای سی نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن اور صوبائی قیادت کے درمیان مؤثر رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا تاکہ جامعات کی ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافہ ہو اور تعلیمی معیار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
طلبہ و اساتذہ کے لیے مواقع: گفتگو کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اساتذہ اور طلبہ کے لیے تعلیم اور تحقیق کے مزید مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
سماجی و اقتصادی ترقی: ملاقات میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری، علم کی تخلیق اور تحقیق و جدت میں جامعات کے کردار کو اجاگر کیا گیا جو خیبر پختونخوا اور ملک کی مجموعی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو مزید مستحکم بنانے اور صوبے کی جامعات کی ترقی کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان باہمی تعاون کو مسلسل فروغ دیا جائے گا۔