تیس جون تک واجب الادا تمام پنشن اور کمیوٹیشن کی رقوم آئندہ مالی سال میں ادا کر دی جائیں گی، صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کا بڑا اعلان
پشاور (یونیورسٹی رپورٹر)
صوبائی وزیرِ ہائر ایجوکیشن مینا خان آفریدی نے گزشتہ روز جامعہ پشاور (یونیورسٹی آف پشاور) کا اہم دورہ کیا۔ دورے کے دوران یونیورسٹی کی انتظامیہ اور فیکلٹی کے نمائندوں نے انہیں جامعہ کے امور پر تفصیلی پریزنٹیشن دی اور صوبائی وزیر کو یونیورسٹی کو درپیش مالی خسارے، انتظامی امور، اصلاحات اور معیاری تعلیم و تحقیق کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر جوہر علی، ڈینز، رجسٹرار اور پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (پیوٹا) کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم بیٹھک ہوئی، جس میں یونیورسٹی کے مختلف انتظامی و تدریسی امور اور مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائس چانسلر نے صوبائی وزیر کو یونیورسٹی کی موجودہ صورتحال اور چیلنجز سے آگاہ کیا۔
مالی مسائل کا حل اور پنشنرز کے لیے خوشخبری
جامعہ پشاور کو درپیش مالی بحران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ ہائر ایجوکیشن مینا خان آفریدی نے یونیورسٹی انتظامیہ اور فیکلٹی کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
صوبائی وزیر نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 30 جون تک واجب الادا تمام پنشن اور کمیوٹیشن کی رقوم آئندہ مالی سال میں ترجیحی بنیادوں پر ادا کر دی جائیں گی، تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کی مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت جامعات میں انتظامی اصلاحات اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھاتی رہے گی۔

