لاہور(ایجو کیشن رپورٹر)یورپی میتھمیٹیکل سوسائٹی نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے عبدالسلام سکول آف میتھمیٹیکل سائنسز کو ریاضی کی تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے ایک ممتاز مرکز (ایمرجنگ ریجنل سینٹر آف ایکسی لینس)کے طور پر تسلیم کر لیا ہے۔
ادارے کو یہ بین الاقوامی اعزاز 2027 سے 2030 تک چار سال کے لیے دیا گیا ہے۔یہ فیصلہ یورپی میتھمیٹیکل سوسائٹی کی کمیٹی برائے ترقی پذیر ممالک کے اکتوبر میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ یہ اعزاز ریاضی کے ان اداروں کو دیا جاتا ہے جو تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہوں۔
پشاور یونیورسٹی ملازمین کی ہڑتال اور تالہ بندی، دھرنا آج بھی جاری رہا
عبدالسلام سکول 2011 میں یہ اعزاز حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا ادارہ تھا۔جی سی یو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چودھری نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران کی گئی اصلاحات اور اقدامات کے نتیجے میں ادارے نے 15 سال بعد یہ بین الاقوامی اعزاز دوبارہ حاصل کیا ہے۔
انہوں نے عبدالسلام سکول کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر خرم شبیر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے یونیورسٹی اور پاکستان کے لیے اہم کامیابی قرار دیا۔اس اعزاز کے تحت یورپی میتھمیٹیکل سوسائٹی کی جانب سے تحقیقی سرگرمیوں، غیر ملکی ماہرین کے لیکچرز اور یورپی اداروں میں تحقیقی دوروں کے لیے مالی معاونت فراہم کی جا سکتی ہے
۔واضح رہے کہ 2003 میں قائم ہونے والے عبدالسلام سکول آف میتھمیٹیکل سائنسز سے اب تک ریاضی میں 200 سے زائد سکالرز پی ایچ ڈی مکمل کر چکے ہیں۔