کراچی(ایجوکیشن رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیم قاسمی نے تعلیم کی ترویج اور انسانی
وسائل کی ترقی کے لیے 5 کروڑ روپے مالیت کے اینڈومنٹ فنڈ کے قیام کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ
عزم و حوصلہ اور محنت کی موجودگی میں محدود مالی وسائل کبھی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے چاہئیں،
جس کے پیشِ نظر ڈائریکٹر فنانس کو ضروری اقدامات کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ مجوزہ اینڈومنٹ فنڈ میں سے 2
کروڑ روپے کلیہ فنون و سماجی علوم (فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز) میں داخلوں کو فروغ دینے کے لیے
مختص ہوں گے، جبکہ باقی 3 کروڑ روپے مستحق اور ذہین طلبہ کی مالی معاونت پر خرچ کیے جائیں گے تاکہ ان کی
تعلیمی سرگرمیاں کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہ سکیں۔
طلبہ میں سائنسی سوچ کےفروغ کیلئے سندھ میں ساڑھے 8 ہزار سائنس اساتذہ بھرتی کرنے کا اعلان
جامعہ کراچی کے سٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس اور یونیورسٹی آف کراچی المونائی ایسوسی ایشن امریکہ کے اشتراک
سے آڈیو ویژول سینٹر میں منعقدہ تقریبِ تقسیمِ وظائف سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سیم قاسمی نے کہا کہ جامعہ کے
نصاب کو صنعتی اور کاروباری شعبوں کی جدید ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر اسما
حنیف خان نے وظائف کے شفاف انتخاب اور سخت معیاری اصولوں کی تفصیلات بتائیں۔ اس تقریب کے دوران یو کے اے
ایچ اے امریکہ کی جانب سے کراچی یونیورسٹی بزنس سکول کے اعلٰی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 10 طلبہ کو 13
لاکھ روپے کے میرٹ پر مبنی وظائف فراہم کیے گئے۔ یو کے اے ایچ اے امریکہ کے صدر محمد اعظم اختر نے اپنے خطاب
میں جامعہ کراچی سے وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جامعہ صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ان کی
شناخت اور زندگی کا لازمی حصہ ہے۔