کراچی (ایجوکیشن رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی کی انجمنِ اساتذہ نے سینیٹ آف
پاکستان کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے اجلاس کی سفارشات پر عملدرآمد کے لیے یونیورسٹی کے رجسٹرار کو ایک چھ
نکاتی خط ارسال کیا ہے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں
یونیورسٹی ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں اور بغیر کسی الزام کے ثابت ہوئے روکی
گئی تنخواہیں بحال کی جائیں۔
فارن میڈیکل گریجویٹس پاکستانی ڈاکٹرز کے لیے “این آر ای” سٹیپ ٹو کا نیا شیڈول جاری
انجمنِ اساتذہ کے سیکریٹری پروفیسر اقبال نقوی اور صدر پروفیسر سعدیہ خلیق کی جانب سے تحریر کردہ خط کے
مطابق 22 اکتوبر کو منعقد ہونے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی روداد جاری ہونے کے بعد انجمنِ اساتذہ
عبدالحق کیمپس اور انجمنِ اساتذہ گلشن اقبال کیمپس نے کمیٹی کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اہم
فیصلوں کی نشاندہی کی ہے۔ خط میں انتظامیہ کو یاد دلایا گیا ہے کہ قائمہ کمیٹی نے اجلاس میں شریک وائس
چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کو واضح ہدایات جاری کی تھیں کہ اساتذہ اور ملازمین کے خلاف انتقامی
اقدامات، ہراسانی اور امتیازی سلوک کو فوری روکا جائے، انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور بلاجواز و خلافِ قانون روکی
گئی تنخواہیں جاری کی جائیں