ایران سمیت 4 خلیجی ممالک میں فیڈرل بورڈ کے میٹرک امتحانات سیکیورٹی وجوہات پر ملتوی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور ابتر علاقائی حالات کے پیشِ نظر ایران سمیت چار خلیجی ممالک میں میٹرک کے جاری امتحانات فوری طور پر تاحکمِ ثانی ملتوی کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایران، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں قائم امتحانی مراکز میں جاری میٹرک کے امتحانات کو فوری طور پر روک دیا گیا ہے، جس کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانی طلبہ کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنانا ہے۔ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ
یہ فیصلہ ہنگامی بنیادوں پر طلبہ اور عملے کے تحفظ کے پیشِ نظر کیا گیا ہے، جبکہ ملتوی کیے گئے پرچوں کے نئے شیڈول کا اعلان حالات معمول پر آنے کے بعد کیا جائے گا جس کے بارے میں تمام امیدواروں کو پیشگی اطلاع فراہم کر دی جائے گی۔ فیڈرل بورڈ کی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ
وہ ان ممالک میں امتحانی مراکز کی صورتحال کا مسلسل اور باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے اور جوں ہی سیکیورٹی حالات بہتر ہوں گے، امتحانات کو دوبارہ ایک منظم شیڈول کے تحت شروع کر دیا جائے گا، لہٰذا طلبہ اور والدین کسی قسم کی پریشانی کا شکار نہ ہوں اور بورڈ کی جانب سے جاری کردہ مستند معلومات پر ہی بھروسہ کریں۔

