اسلام آباد(ایجو کیشن رپورٹر)
ترکیہ کی معروف جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور اعلیٰ تعلیمی کونسل کے سینئر حکام پر مشتمل 18 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کا اہم دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔
نسٹ کے ریکٹر ڈاکٹر محمد زاہد لطیف نے معزز مہمانوں کا گرم جوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپت کے شعبوں میں مؤثر شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔
گورنمنٹ کالج پشاور کے طلبہ کا احتجاج روڈ بلاک، ٹریفک معطل
تعلیمی و تحقیقی تعاون
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و تحقیقی روابط کے فروغ، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلے کو وسعت دینے اور مشترکہ تعلیمی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پائیدار شراکت داری نسٹ اور ترکیہ کی معروف جامعات کے درمیان طویل مدتی اور گہرے ادارہ جاتی روابط قائم کرنے کے مختلف امکانات زیرِ غور آئے اور مسلسل مکالمے پر اتفاق کیا گیا۔
نسٹ کیمپس اور سائنس پارک کا دورہ
ترک وفد نے نسٹ کے ایچ-12 کیمپس کے مختلف شعبہ جات کا بھی جائزہ لیا۔ اس دوران معزز مہمانوں کو نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک، اسکول آف انٹرڈسپلنری انجینئرنگ اینڈ سائنسز، سینٹر فار ایمرجنگ ٹیکنالوجیز اور جامع اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کرایا گیا۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط روابط کا عکاس ہے اور طویل مدتی تعلیمی و تحقیقی شراکت داری کے فروغ میں اہم میل پتھر ثابت ہوگا۔