اہم ترین

یو ای ٹی لاہورمیں گرینویٹ قابلِ تجدید توانائی چیلنج 2026 کانفرنس

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں وزیراعظم...

جی سی یونیورسٹی میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پرتقریب

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) جی سی یونیورسٹی لاپور میں چین...

سرکاری سکولوں کو نان سیلری بجٹ کی پہلی قسط نہ مل سکی

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) پہلی سہ ماہی گزر گئی تا...

ہائر ایجوکیشن کمیشن کا ریسرچ ایوارڈ مقابلہ کا اعلان، درخواستیں طلب

لاہور (سپیشل رپورٹر) ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے "پاکستان...

یو ای ٹی لاہورمیں گرینویٹ قابلِ تجدید توانائی چیلنج 2026 کانفرنس

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں وزیراعظم یوتھ پروگرام اور گرین یوتھ موومنٹ کے اشتراک سے گرینویٹ قابلِ تجدید توانائی چیلنج 2026 کے سلسلے میں ایک روزہ علاقائی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں قابلِ تجدید توانائی، نوجوانوں کی اختراعی صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی، کاروباری مواقع اور پائیدار مستقبل کے حوالے سے مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔ کانفرنس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام، ہائر ایجوکیشن کمیشن، یونیسیف اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان، ماہرین، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔

گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چوک اعظم،لیہ میں زیر تعمیر بلڈنگ کا شیڈ گرنے سے12 سالہ طالب علم جان بحق

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور اس کے مختلف منصوبوں کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو ہنرمند، معاشی طور پر خودمختار اور جدید ڈیجیٹل و تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں بلکہ ملکی معیشت اور ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور حکومت انہیں تعلیم، ہنرمندی، کاروبار، ٹیکنالوجی اور روزگار کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کر رہی ہے۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت کا مقصد ملک کے تمام صوبوں، شہروں اور دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو یکساں معاشی مواقع فراہم کرنا اور انہیں پیداواری روزگار سے منسلک کرنا ہے۔ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو کاروبار اور زراعت کے لیے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ خواتین کی کاروباری سرگرمیوں میں شرکت بڑھانے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کا ریسرچ ایوارڈ مقابلہ کا اعلان، درخواستیں طلب

انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کے لیے مختلف نئی پالیسیوں اور پروگرامز پر بھی کام کیا جا رہا ہے، جن کا مقصد انہیں روزگار، کاروبار، ڈیجیٹل معیشت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی اور گرین ٹیکنالوجی مستقبل کے اہم شعبے ہیں اور جامعات میں ہونے والی تحقیق اور نوجوانوں کے تخلیقی آئیڈیاز کو عملی منصوبوں اور کاروباری سرگرمیوں میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے یو ای ٹی لاہور کے بزنس اسٹارٹ اپس کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے جو بھی قابلِ عمل بزنس اسٹارٹ اپ پروپوزل پیش کیا جائے گا، وزیراعظم یوتھ پروگرام اس کے لیے فنڈز فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جامعات میں موجود باصلاحیت نوجوانوں کے آئیڈیاز کو صرف تحقیقی سطح تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں عملی کاروباری منصوبوں میں تبدیل کیا جانا چاہیے تاکہ نوجوان خود بھی معاشی طور پر مستحکم ہوں اور ملک میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں۔

کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز میں یومِ سیاحت پر تقریب

وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس ادارے کو ہر قسم کے بحران سے نکال کر اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا ہے اور اب اسے ترقی کی مزید منازل تک لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی میں تقریباً 25 ہزار طلبہ کا زیرِ تعلیم ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ والدین اور طلبہ کا اس تاریخی ادارے پر اعتماد قائم ہے۔

ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ یو ای ٹی کے فارغ التحصیل طلبہ پاکستان اور دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور یونیورسٹی کا یہ عالمی سطح پر پھیلا ہوا ایلومنائی نیٹ ورک ادارے کا قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی کا مقصد نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تحقیق، جدت، صنعت، کاروبار اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

وائس چانسلر نے قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں طلبہ کی دلچسپی اور اختراعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور انہیں مناسب مواقع اور پلیٹ فارم فراہم کرکے ملک کے لیے نئی راہیں ہموار کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرین ٹیکنالوجی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں جامعات، صنعت اور حکومت کے باہمی تعاون سے مستقبل کے لیے مؤثر اور پائیدار حل تلاش کیے جاسکتے ہیں۔

جی سی یونیورسٹی میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پرتقریب

اس موقع پر رانا مشہود احمد خان نے گرینویٹ قابلِ تجدید توانائی چیلنج 2026 کے کامیاب انعقاد پر وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یو ای ٹی لاہور نے نوجوانوں کو قابلِ تجدید توانائی، جدت اور کاروباری مواقع سے جوڑنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ کانفرنس کے دوران ماہرین کے کلیدی خطابات، پینل ڈسکشن، طلبہ کی اختراعی کاوشوں کی نمائش اور نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کیے گئے، جبکہ قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں نوجوانوں کے آئیڈیاز کو عملی شکل دینے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔

کانفرنس کے شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان کے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی اور کاروباری سوچ کو قابلِ تجدید توانائی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے ساتھ منسلک کرکے ملک کے لیے نئے معاشی اور صنعتی مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔