پشاور (ایجوکیشن رپورٹر) خیبر پختونخوا کے 8 تعلیمی بورڈز میں میٹرک کے مشترکہ سالانہ امتحان 2 کا نیا اور نظرِ
ثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت امتحانات اب 22 اکتوبر سے شروع ہوں گے۔
تعلیمی بورڈز کی جانب سے قبل ازیں مذکورہ امتحانات کے انعقاد کے لیے 7 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔
صوبے میں جاری لانگ مارچ کی وجہ سے امتحانات کو ملتوی کر کے 12 اکتوبر کی تاریخ طے کی گئی۔
صوبے میں گورنر راج اور 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد امتحانات کو تا حکمِ ثانی دوبارہ ملتوی کر دیا گیا تھا۔