لاہور(ایجو کیشن رپورٹر) چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر بدرالسلام نے کنٹرولر امتحانات توصیف الرحمان کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون (11ویں) پہلے سالانہ امتحان 2026ء کے نتائج کا اعلان کر دیا،
جس میں مجموعی شرحِ کامیابی 60.03 فیصد رہی جبکہ نتائج میں گزشتہ کے مقابلے 7 فیصد بہتری دیکھی گئی؛ امتحان میں شریک 1 لاکھ 65 ہزار 245 طلبہ میں سے 99 ہزار 191 پاس اور 66 ہزار 54 ناکام رہے، جس میں طالبات 68.23 فیصد کامیابی کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ لڑکوں کی کامیابی کی شرح 47.32 فیصد رہی

—گروپس کے لحاظ سے پری انجینئرنگ 79.23 فیصد کامیابی کے ساتھ سرِفہرست رہا، پری میڈیکل 74.16 فیصد، جنرل سائنس 61.05 فیصد، کامرس 52.66 فیصد اور ہیومینیٹیز کی شرح 50.17 فیصد رہی؛ پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین نے تعلیمی نظام کی ڈیجیٹائزیشن کی طرف اہم پیشرفت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ
میٹرک اور انٹر کے 4 سالانہ پیپرز ڈیجیٹل طریقہ کار سے لیے جائیں گے، جس کا امتحانی مراکز میں تجربہ اور ڈیجیٹل مارکنگ کی موک ایکسرسائز کامیاب رہی ہے، پہلے مرحلے میں 500 طلباء جبکہ اگلے مرحلے میں 3 ہزار امیدواروں کا موک ٹیسٹ لیا جائے گا اور آن لائن مارکنگ کے لیے ممتحنین کی تربیت کا عمل بھی جاری ہے۔بچوں کو معیاری تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروے کار لائے جا رہے ہیں