لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) حکومت کی جانب سے سمارٹ سلیبس میں ایک بار پھر تبدیلی کرتے ہوئے نیا نظرِ ثانی شدہ سلیبس جاری کر دیا گیا ہے، جس کے باعث طلبہ اور اساتذہ شدید مشکلات اور ذہنی الجھن کا شکار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس سے قبل جاری کیے جانے والے سمارٹ سلیبس کے تحت ہزاروں طلبہ نے نہ صرف اس کے پرنٹ نکلوا لیے تھے بلکہ اساتذہ کی رہنمائی میں اپنی نصابی کتابوں پر باقاعدہ نشان دہی بھی مکمل کر لی تھی۔ تاہم، اب اچانک دوبارہ تبدیلی اور نئے سلیبس کے اجرا سے ان کی تمام محنت ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے بعد طلبہ اور اساتذہ کو اب ازسرِ نو پورے نصاب کا جائزہ لینا پڑے گا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کن اسباق یا موضوعات میں ردوبدل کیا گیا ہے۔ طلبہ و اساتذہ نے حکومتی فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی سال کے دوران بار بار کی تبدیلیوں سے نہ صرف قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے بلکہ امتحانات کی تیاری بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے