ملتان (تعلیمی رپورٹر) بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی سنڈیکیٹ نے اجلاس کے دوران غیر مناسب رویہ اپنانے پر شعبہ فاریسٹری اینڈ رینج مینجمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر احسان قادر کو باقاعدہ “لیٹر آف ڈس پلیژر” جاری کر دیا ہے۔
رجسٹرار و سیکرٹری سنڈیکیٹ اعجاز احمد کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق، یہ کارروائی 19 جون 2026 کو منعقد ہونے والے سنڈیکیٹ کے اجلاس کے دوران پیش آنے والے واقعے پر کی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران پروفیسر ڈاکٹر احسان قادر نے زبردستی داخل ہو کر مبینہ طور پر غیر مناسب طرز عمل اختیار کیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے چیئر کے سامنے کاغذ پھینکا اور ہاتھ سے نامناسب اشارے کیے، جو غیر پیشہ ورانہ اور نامناسب اقدام تھا۔
سنڈیکیٹ کے تمام اراکین نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر اس طرز عمل کی مذمت کی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ رویہ نہ صرف اجلاس کے وقار اور کارروائی میں خلل کا باعث بنا بلکہ چیئر اور یونیورسٹی کی اعلیٰ انتظامی باڈی (سنڈیکیٹ) کے اختیار کو چیلنج کرنے کے مترادف تھا۔
ارمراکین کے مطابق اساتذہ سے جس پیشہ ورانہ اخلاقیات، نظم و ضبط اور باہمی احترام کی توقع کی جاتی ہے، یہ طرز عمل اس کے مکمل منافی ہے۔ سنڈیکیٹ نے غور و خوض کے بعد متفقہ فیصلہ کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر احسان قادر کو لیٹر آف ڈس پلیژر جاری کرنے کی منظوری دی اور انہیں ہدایت کی کہ آئندہ تمام سرکاری معاملات میں پیشہ ورانہ طرز عمل اختیار کریں۔ وارننگ دی گئی ہے کہ مستقبل میں اس نوعیت کے کسی بھی واقعے کی صورت میں یونیورسٹی کے ڈسپلنری قواعد کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

