Become a member

Get the best offers and updates relating to Liberty Case News.

― Advertisement ―

spot_img
Homeایکسکلوسیو نیوزسابقہ وی سی ڈاکٹرمجاہد کامران کی بیوی پروفیسر ڈاکٹر شازیہ قریشی یو...

سابقہ وی سی ڈاکٹرمجاہد کامران کی بیوی پروفیسر ڈاکٹر شازیہ قریشی یو ایم ٹی سکول آف لاء اینڈ پالیسی کی نئی ڈین مقرر

لاہور ( تعلیمی رپورٹر)

یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے سکول آف لاء اینڈ پالیسی میں ملک کی ممتاز قانونی ماہر اور مایہ ناز ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر شازیہ قریشی کو مستقل ڈین مقرر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے باقاعدہ طور پر اپنے عہدے کا چارج لے کر نئی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، جبکہ یو ایم ٹی کی اعلیٰ انتظامیہ، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے ان کی آمد کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ادارے کے لیے ایک بہترین فال قرار دیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر شازیہ قریشی قانونی تعلیم، تحقیق (ریسرچ) اور تعلیمی انتظامیہ کے شعبوں میں 35 سال سے زائد کا طویل اور شاندار تجربہ رکھتی ہیں۔ یو ایم ٹی میں اس اہم ترین عہدے پر شمولیت سے قبل وہ پنجاب یونیورسٹی لاہور میں مختلف کلیدی تعلیمی اور انتظامی عہدوں پر فائز رہ چکی ہیں، جہاں انہوں نے طویل عرصے تک اپنی خدمات سرانجام دیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے تاریخی ادارے ‘یونیورسٹی لاء کالج لاہور’ میں بطور پروفیسر، ڈین اور پرنسپل کے معزز فرائض بھی انتہائی احسن طریقے سے نبھا چکی ہیں۔

شاندار تعلیمی پس منظر اور اعزازات

ڈاکٹر شازیہ قریشی کا تعلیمی کیریئر بین الاقوامی اعزازات سے مزین ہے۔ انہوں نے قانون اور انسانی حقوق کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی اعلیٰ ڈگری برطانیہ کی مشہور لنکاسٹر یونیورسٹی سے حاصل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے دنیا کی صفِ اول کی درسگاہ ‘کیمبرج یونیورسٹی’ سے ایل ایل ایم (LLM) مکمل کیا، جہاں تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر انہیں باوقار ‘برٹش کونسل کامن ویلتھ اسکالرشپ’ سے بھی نوازا گیا۔ ان کے شاندار تعلیمی سفر کی ابتدا پنجاب یونیورسٹی سے ہوئی جہاں ایل ایل بی کے دوران انہوں نے مرکنٹائل لا کے مضمون میں نمایاں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔

تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ یو ایم ٹی سکول آف لاء اینڈ پالیسی میں ان کی بطور ڈین تعیناتی سے نہ صرف یونیورسٹی میں قانونی تعلیم اور ریسرچ کے معیار کو مزید جلا ملے گی، بلکہ طلبہ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق آگے بڑھنے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔