لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پبلک سکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کے آغاز پر بیدیاں کے علاقے لدھر میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے روایتی تفتیش کے بجائے خود کلاس روم کا رخ کیا اور تیسری و پانچویں جماعت کے بچوں کو انگلش اور ریاضی کا سبق پڑھایا۔
کلاس کا آغاز کرنے سے قبل وزیر تعلیم نے طلباء کی تعلیمی صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لیے ان کی اسسمنٹ کی اور پھر تدریسی عمل کا آغاز کیا۔ وزیر تعلیم کے دوستانہ انداز کے باعث بچے پہلے ہی روز ان کے ساتھ گھل مل گئے۔ اس موقع پر ایک طالب علم نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "سر! معلوم ہی نہیں ہو رہا کہ آپ ہمارے وزیر ہیں یا نئے ٹیچر۔”
تدریس کے ساتھ ساتھ رانا سکندر حیات نے طلباء کو صفائی، اخلاقیات اور برداشت و تحمل کی اہمیت پر بھی خصوصی لیکچر دیا۔ دورے کے دوران انہوں نے سکول میں سہولیات کے فقدان کا جائزہ لیتے ہوئے واٹر کولر اور سپورٹس کٹس کی فوری فراہمی کی ہنگامی ہدایات جاری کیں۔
وزیر تعلیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ:
-
آج تعلیمی اصلاحات کے سفر میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔
-
وزراء کا یوں فیلڈ میں جا کر کارکردگی کا جائزہ لینا وزیراعلیٰ مریم نواز کے اصلاحاتی ویژن کی حقیقی عکاسی ہے۔
-
خود سکول جا کر پڑھانا سکولوں کی نگرانی اور تعلیمی نظام کی بہتری کا ایک منفرد عملی ماڈل ہے۔
-
اس اقدام سے سکولوں کی ابتر صورتحال اور معیارِ تعلیم کے حقیقی زمینی حقائق سامنے آئیں گے جن کی روشنی میں فوری اقدام کیے جائیں گے۔