لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب بھر میں قائم سرکاری سکولوں میں ڈیوٹی انجام دینے والے 25 ہزار سکول ٹیچر انٹرنز کے کنٹریکٹ میں توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں ہو سکا، تاہم محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام انٹرنز کو بغیر نوٹیفکیشن ہی سکولوں میں اپنی تعلیمی خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن مدثر ریاض ملک کے مطابق صوبے بھر میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے دو مختلف مرحلوں میں ساڑھے 12، 12 ہزار کر کے کل 25 ہزار ایس ٹی آئیز بھرتی کیے گئے تھے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تمام انٹرنز کو تنخواہیں جاری کی جائیں گی اور کنٹریکٹ میں توسیع کی سمری منظور ہوتے ہی انہیں مقررہ وقت کے مطابق ادائیگی کر دی جائے گی۔
ایس ٹی آئیز کے تحفظات اور مطالبہ:
-
کنٹریکٹ کا خاتمہ: تمام 25 ہزار سکول ٹیچر انٹرنز کا سابقہ کنٹریکٹ 22 مئی کو ختم ہو چکا ہے۔
-
سکول سربراہان کا انکار: رسمی نوٹیفکیشن نہ ہونے کی وجہ سے کئی سکول سربراہان (ہیڈ ماسٹرز) انٹرنز کو سکولوں میں داخل ہونے اور تدریسی خدمات انجام دینے کی اجازت نہیں دے رہے۔
-
فوری نوٹیفکیشن کا مطالبہ: متاثرہ ٹیچر انٹرنز نے حکومت اور محکمہ تعلیم سے اپیل کی ہے کہ کنٹریکٹ میں توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن فوری جاری کیا جائے تاکہ وہ کسی انتظامی رکاوٹ کے بغیر اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔

