کراچی (ایجو کیشن رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت سندھ میں سٹریم ایجو کیشن کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر کے سرکاری و نجی سکولوں میں سٹریم سرگرمیوں اور مقابلوں کے انعقاد کے لیے جامع حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری سکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی، سیکریٹری کالجز ندیم الرحمان میمن اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ سندھ میں سٹریم ایجو کیشن کے سلسلے میں صوبہ بھر کے سرکاری و نجی اسکولوں کے تقریباً 2 لاکھ طلبہ و طالبات کی مرحلہ وار شرکت کے حدف کو یقینی بنائی جائے اور 45 ہزار سائنسی ماڈلز و آئیڈیاز کی تیاری میں طلبہ کی رہنمائی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو صرف مقابلوں کا حصہ بنانے کے بجائے ان کے خیالات کو بہتر بنانے، تجربات کرنے اور عملی حل پیش کرنے کے لیے مناسب رہنمائی فراہم کی جائے۔
بیرونِ ملک کے میڈیکل طلبہ کے لیے نیشنل رجسٹریشن امتحان ملتوی، نئی تاریخ کا اعلان
سید سردار علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں سٹریم ایجو کیشن کا سفر “سائنس ان سندھ” کے وژن کے تحت 2024 میں شروع کیا گیا تھا، جسے اب مزید منظم اور وسیع کرتے ہوئے اس سال “سندھ سٹریم جرنی 2026- کے عنوان سے صوبہ بھر میں جاری رکھا جائے گا۔ اس پروگرام کا مقصد طلبہ میں سائنسی و تخلیقی سوچ، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت، تحقیق، جدت اور عملی سیکھنے کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال سٹریم جرنی کے تحت اسکول، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر مرحلہ وار مقابلے منعقد ہوں گے۔ پروگرام میں سرکاری، سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے منسلک، نجی اسکولوں اور کالجز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
۔سٹریم مقابلوں کے لیے پانچ بنیادی موضوعاتی شعبے مقرر کیے گئے ہیں، جن میں موسمیاتی مزاحمت، ماحولیات اور گرین سلوشنز؛ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل سلوشنز، گیمی فکیشن، کوڈنگ اور سائبر سیکیورٹی؛ ٹیکنالوجی، روبوٹکس اور انٹرنیٹ آف تھنگز؛ آرٹ، میوزک، ثقافت، ورثہ اور ادب؛ جبکہ نیچرل سائنس اور ہیلتھ سائنس شامل ہیں۔
خواتین یونیورسٹی ملتان میں ایک روزہ “بک فیئر 2026ء” کا انعقاد
اجلاس میں بتایا گیا کہ اسکول سطح پر سٹریم فیسٹیول کا مرحلہ یکم سے 31 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا، جبکہ اسکول سطح کے کامیاب منصوبے ضلعی سطح کے مقابلوں کے لیے منتخب ہوں گے۔
سندھ کے 30 اضلاع میں ضلعی سطح کے سٹریم فیسٹیول نومبر میں منعقد ہوں گے، جہاں اسکول سطح سے منتخب منصوبوں کو پیش کیا جائے گا۔ ضلعی مرحلے کے نتائج نومبر کے اختتام تک مرتب کیے جائیں گے اور کامیاب پرجیکٹس ڈویژنل مرحلے کے لیے آگے بڑھیں گے۔
اس کے بعد چھ ڈویژنز سے منتخب بہترین منصوبے صوبائی سطح کے مقابلے میں شامل ہوں گے، جبکہ جنوری 2027 کے آخری ہفتے میں کراچی میں صوبائی گرینڈ فائنل منعقد کیا جائے گا۔ گرینڈ فائنل میں چھ ڈویژنز سے منتخب طلبہ اپنے منصوبے اور آئیڈیاز پیش کریں گے، جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو ایوارڈز دیے جائیں گے۔
کیڈٹ کالجز کا معیار بڑھانے پر توجہ دے رہے ہیں، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل
سٹریم جرنی 2026-2027 کے تحت مجموعی طور پر 45 ہزار منصوبوں کا ہدف رکھا گیا ہے، صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ سٹریم کا مقصد محض مقابلے کرانا نہیں بلکہ طلبہ کو سوال کرنے، تحقیق کرنے، تجربہ کرنے اور اپنے اردگرد موجود مسائل کے حل تلاش کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ “کلاس رومز سے لے کر کائنات تک” کا تصور سندھ کے طلبہ کی صلاحیتوں کو کلاس روم سے صوبائی سطح اور پھر کائنات کے وسیع تر سائنسی تناظر تک لے جانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ سٹریم جرنی کے تمام مراحل میں شفاف اور یکساں معیار کو یقینی بنایا جائے اور طلبہ و اساتذہ کو ضروری رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ صوبے بھر سے سامنے آنے والے سائنسی ماڈلز، تخلیقی منصوبوں اور نئے آئیڈیاز کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے