پروموشن سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی کا نمائندہ مقرر کرنے کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں ملازمین کی ترقیوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی کی صدارت میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران گریڈ 1 سے 14 تک کے 112 ملازمین میں پروموشن لیٹرز تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی نے ترقی پانے والے تمام ملازمین کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملازمین کسی بھی ادارے کی ترقی میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی محنت و لگن سے ہی ادارہ آگے بڑھتا ہے۔
شفافیت کو یقینی بنانے اور ملازمین کے تحفظات دور کرنے کے لیے، وائس چانسلر نے پروموشن سے متعلق کسی بھی قسم کے اعتراضات یا شکایات کے ازالے کے لیے ایک خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی ملازم کو اپنے پروموشن لیٹر کے حوالے سے کوئی اعتراض ہے تو وہ 10 روز کے اندر مقرر کردہ نمائندے سے رابطہ کر کے اپنی درخواست جمع کرا سکتا ہے، جس پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔

